بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کو نسلی تعصب کا سامنا

Published On 31 October,2025 04:09 am

سڈنی: (ویب ڈیسک) معروف بالی ووڈ اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کو آسٹریلیا میں پرفارم کرتے ہوئے نسلی تعصب اور دقیانوسی تصورات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دلجیت کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں جو چیز سب سے زیادہ نمایاں رہی وہ نفرت یا تنقید نہیں تھی بلکہ دوسانجھ کا منظم اوراحترام پر مبنی طاقت ور پیغام تھا جس نے دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کا دل جیت لیا۔

دلجیت دوسانجھ کا کہنا تھا کہ جب وہ آسٹریلیا پہنچے تو ایئرپورٹ پر ان کی تصویریں لینے کیلئے روکا گیا لیکن اس کے بعد جو تبصرے سامنے آئے وہ حیران کن تھے، جب میں آسٹریلیا آیا تو چند ایجنسیوں نے میری تصاویر شائع کیں، پھر کسی نے مجھے وہ تبصرے بھیجے جو لوگ کر رہے تھے اور وہ لوگ کہہ رہے تھے کہ  نیا اوبر ڈرائیور آگیا ہے  یا  نیا 7–11 سٹور کا ملازم پہنچ گیا ہے۔

دلجیت نے بتایا کہ انہوں نے ایسے بہت سے نسلی تبصرے دیکھے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ دنیا ایک ہونی چاہیے اور اس میں کوئی سرحدیں نہیں ہونی چاہئیں، تنقید کے باوجود دلجیت دوسانجھ نے ان منفی تبصروں کا انتہائی وقار اورانکساری کے ساتھ سامنا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ٹیکسی یا ٹرک ڈرائیور سے تشبیہ دیے جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹیکسی ڈرائیور یا ٹرک ڈرائیور سے موازنہ کیے جانے سے کوئی دکھ نہیں ہوتا بلکہ وہ محنت کش لوگوں کی دل سے عزت کرتے ہیں کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جو اس دنیا کا نظام چلاتے ہیں، اگر ٹرک ڈرائیور نہ ہوں تو آپ کے گھر تک روٹی بھی نہیں پہنچے گی، میں ناراض نہیں ہوں اور میری محبت سب کیلئے ہے، یہاں تک کہ ان لوگوں کیلئے بھی جو میرے بارے میں ایسے تبصرے کرتے ہیں۔