بالی ووڈ اداکارہ سمانتھا رتھ اور راج نیدیمورو شادی کے بندھن میں بندھ گئے

Published On 01 December,2025 09:07 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک)مشہور بھارتی اداکارہ سمانتھا رتھ نے فلم ساز راج نیدیمورو سے شادی کر کے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔

سمانتھا نے اس خوشخبری کا اعلان اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا، جس میں شادی کے کچھ خوبصورت لمحات شیئر کیے گئے، پوسٹ میں جوڑا شادی کی رسومات کے دوران ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنا رہا تھا اور دعا کر رہا ہے۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ’شادی کی تقریب‘۔

رپورٹس کے مطابق شادی کی رسم تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں واقع ایشا فاؤنڈیشن کے لنگ بھیروی مندر میں منعقد ہوئی، دلہن سمانتھا نے سرخ سلک ساڑھی اور سنہری آرائش کے ساتھ خوبصورت دکھائی دی جبکہ دلہا راج نے سفید کرتا پاجامہ اور کریم نہرو جیکٹ زیب تن کیا، سمانتھا کے حلیے کو بھاری سونے کے زیورات، گجرا، مہندی اور میک اپ سے مزید نکھار دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق سمانتھا اور راج پہلی بار ایمیزون پرائم ویڈیو کی سیریز ’دی فیملی مین 2‘ کے دوران ملے تھے۔ بعد میں دونوں نے ویب شو ’سیٹا ڈٖیل: ہنی بنی‘ میں دوبارہ ساتھ کام کیا، جس میں واران دھون کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا۔

ان دونوں کی رومانوی خبروں کا سلسلہ پہلے سے گردش میں تھا اور انہیں مختلف مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ سمانتھا پہلے اداکار ناگا چیتنیا کی اہلیہ رہ چکی ہیں۔ یہ جوڑا سنہ 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا لیکن پھر دونوں سنہ 2021 میں علیحدہ ہوگئے۔ ناگا چیتنیا نے گزشتہ سال دسمبر میں اداکارہ سوبھیتا دُھلیپالا سے شادی کی۔