خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبے میں عوامی خدمات، بہتر حکمرانی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی کھل کر تعریف کی۔
صبا قمر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ بہتر حکمرانی، عوامی فلاح اور ترقی کے لیے اٹھایا جانے والا ہر مثبت قدم قابلِ تعریف ہوتا ہے، ترقی سب کے فائدے میں ہوتی ہے اور وہ خواہش رکھتی ہیں کہ پنجاب اور اس کے عوام کے لیے یہ مثبت رفتار اسی طرح جاری رہے۔
اطلاعات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حال ہی میں صوبائی حکام کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ پورے پنجاب میں سیور کورز کی تنصیب اور سیور لائنوں کی معیاری تعمیر کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی تحفظ بہتر بنایا جا سکے اور حادثات سے بچاؤ ممکن ہو۔
وزیرِ اعلیٰ کی تقریر کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جسے صارفین کے ساتھ ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شیئر کیا، اسی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے صبا قمر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب بھر میں مثبت تبدیلیاں محسوس کی ہیں اور وزیرِ اعلیٰ کا حالیہ خطاب ترقی کے لیے سنجیدہ اور حقیقی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے سہولت بازار منصوبے کو بھی ایک اہم عوامی فلاحی اقدام قرار دیا، یہ منصوبہ نہ صرف معیاری اشیائے خور و نوش مناسب قیمتوں پر فراہم کر رہا ہے بلکہ صوبے بھر میں روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مطابق 30 جون 2026 تک مزید 30 سہولت بازار قائم کیے جائیں گے جبکہ اس منصوبے کو ہر تحصیل تک پھیلانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے، تاکہ ہر شہری کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔