تفریح
خلاصہ
- ممبئی: (ویب ڈیسک) ہندو مذہبی جذبات اور کرناٹک کے ساحلی علاقے کے چوونڈی دیوا روایات کو ٹھیس پہنچانے جیسے الزامات کے تحت معروف بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کے خلاف بنگلور (کرناٹک) کے ایک پولیس سٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ سٹار کے خلاف شکایت پرشانت میتھل نامی بنگلور کے وکیل نے دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رنویر سنگھ نے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں گوا میں فلم کے دیوا سین کی نقل کرتے ہوئے نا صرف اس روایت کی توہین کی بلکہ چاونڈی دیوا کو خوفناک عورت کہا تھا۔
شکایت میں کہا گیا کہ یہ کردار کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں ایک مقدس دیوتا کے طور پر انتہائی احترام کا حامل ہے اور اسے اس طرح پیش کرنا مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور سماجی نفرت کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔
یہ معاملہ ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ہے اور اس کی سماعت 8 اپریل کو ہوگی، گزشتہ ماہ بھی اس نوعیت کی ایک شکایت درج کی جاچکی ہے، جس کے بعد رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر معافی نامہ بھی جاری کیا تھا۔