خلاصہ
- لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار بلال سعید نے سوشل میڈیا پر اپنی وائرل ہونے والی ویڈیو پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گلوکار بلال سعید اور آئمہ بیگ ان دنوں لندن میں اپنے نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
حال ہی میں دونوں فنکاروں کو لندن کی سڑکوں پر دیکھا گیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، وائرل ویڈیو میں گلوکاروں کو مداحوں کے ساتھ سیلفی لیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے آئمہ بیگ کے مختصر لباس پہننے اور گلوکاروں کے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ہونے پر تنقید کی جا رہی ہے۔
گلوکار بلال سعید نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور سوشل میڈیا پر اپنا ایک ویڈیو بیان شیئر کیا۔
گلوکار نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ کل ہم لندن میں شوٹنگ کر رہے تھے، اس کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی کہ ہم نشے کی حالت میں تھے، اگر آپ ویڈیو کو غور سے دیکھیں تو معلوم ہو جائے گا ہمارے ہاتھ میں کافی کے کپ ہیں، اگر آس پاس لوگ شراب پی رہے ہیں تو مطلب ہم بھی شراب پی رہے ہیں، کیا آپ نے مجھے الٹیاں کرتے دیکھا ہے؟
بلال سعید نے ناقدین سے مزید کہا کہ آپ ہمیں نہ سکھائیں پاکستان کی نمائندگی کس طرح کرنی ہے، ہم اپنے فن سے پاکستان کی نمائندگی کرتے آ رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔