اداکار یوسف خان کو مداحوں سے بچھڑے 17 برس بیت گئے

اداکار یوسف خان کو مداحوں سے بچھڑے 17 برس بیت گئے

10 اگست 1931ء کو فیروزپور بھارت میں پیدا ہونے والے یوسف خان نے اپنے مخصوص اندازِ اداکاری، برجستہ مکالموں اور جاندار کرداروں کے ذریعے فلم بینوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1954ء میں فلم "پرواز" سے کیا اور طویل فلمی سفر میں مختلف کردار نبھائے، ہیرو ہو یا ایکشن کردار، ان کی اداکاری میں ایسا انداز نمایاں تھا جو انہیں اپنے ہم عصر فنکاروں سے منفرد بناتا تھا۔

یوسف خان کی متعدد فلمیں آج بھی شائقین کو ان کے فن کی یاد دلاتی ہیں، وقت گزر گیا، فلمی پردہ بدل گیا اور کئی نئے چہرے اس صنعت کا حصہ بن گئے، لیکن یوسف خان کی اداکاری آج بھی پاکستانی فلمی تاریخ کا یادگار باب ہے۔

ان کے مداح آج بھی انہیں ان کے کرداروں اور مکالموں کے ذریعے یاد کرتے ہیں، یوسف خان کی پنجابی فلموں میں ملنگی، یارانہ، باؤ جی، ضدی، وارنٹ، ہتھکڑی، جگنی، شریف بدمعاش، قسمت، جبرو، خطرناک، حیدر خاں اور بڈھا گجر سرِفہرست ہیں۔

2006ء میں حکومت پاکستان نے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا، یوسف خان نے فلم نگری کا سب سے بڑا اور معتبر نگار ایوارڈ اور نگار ملینیم ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔

یوسف خان 20 ستمبر 2009ء کو لاہور میں انتقال کر گئے تاہم وہ اپنی لازوال اداکاری کے باعث اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔