خلاصہ
- نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی اداکارہ سلمیٰ بلیئر کو لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی پرواز میں مبینہ طور پر فضائی عملے کے ارکان پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیویارک جانے والی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز میں پیش آنے والے واقعہ میں فضائی عملے کے 2 ارکان زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 54 سالہ اداکارہ کو نیویارک کے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پرواز کی لینڈنگ کے بعد حراست میں لیا گیا۔
نیو یارک کے علاقے کوئنز کی عدالت میں امریکی اداکارہ پر ہسپتال منتقلی کے دوران پولیس اہلکار اور نرس پر مبینہ حملے کے 2 الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں، جس کے بعد عدالت نے ان کی ضمانت کے لیے 20 ہزار ڈالرز نقد یا 60 ہزار ڈالرز کے بانڈ کی شرط مقرر کی ہے۔
اس حوالے سے سلمیٰ بلیئر کے نمائندے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اداکارہ کو دورانِ پرواز طبی ہنگامی صورتِ حال پیش آئی تھی، جس کے نتیجے میں مبینہ واقعہ پیش آیا، لینڈنگ کے فوراً بعد انہیں طبی امداد فراہم کی گئی اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔
ڈیلٹا ایئر لائنز نے اس واقعے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی مسافروں اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور غیر ذمے دارانہ یا غیر قانونی رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی بھی طیارے کے اندر پیش آنے والے مبینہ حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ واقعہ سلمیٰ بلیئر کے ساتھ پیش آنے والا پہلا فضائی تنازع نہیں بلکہ 2016ء میں بھی ایک پرواز کے دوران اداکارہ کی طبیعت اور رویے سے متعلق ایسا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔