امریکی اداکارہ ہیڈن کا 36 برس کی عمر میں انتقال

امریکی اداکارہ ہیڈن کا 36 برس کی عمر میں انتقال

ہیڈن پنیٹیئر نے بطور چائلڈ سٹار اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور ٹی وی و فلموں میں طویل عرصے تک کام کیا، انہیں مقبول ٹی وی سیریز ’ہیروز‘ میں کلیئر بینیٹ اور میوزیکل ڈراما سیریز ’نیش وِل‘ میں جولیٹ بارنز کے کردار سے عالمی شہرت ملی۔

ہیڈن پنیٹیئرکے والد اسکیپ پنیٹیئرنے ایک بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاندان اپنی اس ناقابلِ تصور جدائی کو قبول کرنے کیلئے وقت چاہتا ہے، اس لیے نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔

ان کے والد نے بیٹی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈن ایک غیر معمولی روشنی اور مضبوط شخصیت کی مالک تھیں، جو اپنے جاننے والوں سمیت پردہ سکرین پر دیکھنے والے لاکھوں افراد کیلئے بے شمار محبت اور خوشیاں لے کر آئیں۔

اداکارہ نے ریممبر دی ٹائٹنز، ریزنگ ہیلن، آئس پرنسس اور سکریم 4 سمیت معروف فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ وہ سکریم فرنچائز میں کربی ریڈ کے کردار میں بھی دوبارہ نظر آئی تھیں۔

ہیڈن پنیٹیئر اپنی ذاتی زندگی کے مشکل تجربات کے بارے میں بھی کھل کر بات کرتی رہی تھیں، رواں سال مئی میں ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب دِس اِز می: اے ریکننگ شائع ہوئی، جس میں انہوں نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن، نشے، بحالی، صدمے، گھریلو تشدد اور اپنے ذاتی دکھوں کا ذکر کیا۔

اداکارہ نے 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران شراب نوشی اور پوسٹ پارٹم ڈپریشن سے اپنی جدوجہد پر بھی بات کی تھی۔

ہیڈن پنیٹیئر ایک بیٹی کی والدہ تھیں، ان کی بیٹی کا نام کایا کلِتھچکو ہے، جو 2014 میں ان کے سابق منگیتر اور سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن ولادیمیر کلِتھچکو کے تعلق سے پیدا ہوئی تھی۔