خلاصہ
- شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں علم و ادب کے سب سے بڑے عالمی اجتماعات میں شمار ہونے والے 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کا شاندار افتتاح ہوگیا۔
سپریم کونسل کے رکن اور حاکم شارجہ شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے ایکسپو سینٹر شارجہ میں عالمی کتاب میلے کا افتتاح کیا، جہاں دنیا بھر کے ناشرین، مصنفین، ادیبوں اور کتاب دوستوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
چار نومبر سے پندرہ نومبر تک جاری رہنے والے بارہ روزہ کتاب میلے میں 126 ممالک سے تین ہزار دو سو بارہ ناشرین اور نمائش کنندگان کی شرکت کا اعلان کیا گیا ہے، میلے میں مختلف زبانوں کی لاکھوں کتابوں کے ساتھ ادبی نشستوں، مصنفین سے ملاقاتوں، بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں اور ثقافتی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاکم شارجہ نے کتابوں، علم اور ثقافت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ ادب مختلف تہذیبوں اور معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا اہم ذریعہ ہے، اس سال سلطنت عمان کو خصوصی مہمان ملک کا اعزاز دیا گیا ہے، جو اپنے ادبی ورثے اور ثقافتی روایات کو عالمی شرکا کے سامنے پیش کرے گا۔
افتتاح کے موقع پر حاکم شارجہ نے علوم، ادب، فنون اور نمایاں شخصیات سے متعلق جامع عربی انسائیکلوپیڈیا کی ابتدائی 143 جلدوں کا بھی اجرا کیا، اس علمی منصوبے میں دنیا بھر کے پندرہ سو سے زائد ماہرین کام کررہے ہیں۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں عوام کیلئے داخلہ مفت ہے، میلے میں خاندانوں، طلبہ اور کتابوں سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے خصوصی سرگرمیاں بھی رکھی گئی ہیں۔