شارجہ کتاب میلے میں جاسوس کونان کی انٹری، پراسرار چوری نے شائقین کو حیران کر دیا

شارجہ کتاب میلے میں جاسوس کونان کی انٹری، پراسرار چوری نے شائقین کو حیران کر دیا

شارجہ بک اتھارٹی کے مطابق 8 نومبر کو پیش کیے گئے اس خصوصی شو میں مزاح، سنسنی، موسیقی اور بچپن کی یادوں کو یکجا کیا گیا، پروگرام کا آغاز پرانے کارٹون ڈراموں کے مناظر سے ہوا، جس نے حاضرین کو اپنے بچپن کی یادوں میں واپس پہنچا دیا۔

شو کی خاص بات یہ تھی کہ معروف کرداروں کو ان کے اصل عربی صداکاروں نے سٹیج پر پیش کیا، آمال سعدالدین نے جاسوس کونان، مروان فرحات نے توغوموری اور بثینہ شیا نے الفریڈو کے کردار ادا کیے، کہانی میں ایک قیمتی چیز کی پراسرار چوری دکھائی گئی، جس کی تحقیقات کے دوران مزاحیہ مکالموں اور دلچسپ واقعات نے شائقین کو محظوظ کیا۔

پراسرار چوری کا سراغ لگانے کے لیے حاضرین کی نشستوں کے نیچے دس خصوصی لفافے رکھے گئے تھے، جن میں اہم اشارے موجود تھے، منتخب شائقین نے لفافے کھول کر ان میں درج معلومات پڑھیں اور اس طرح وہ بھی تفتیشی کہانی کا عملی حصہ بن گئے۔

پروگرام کے دوران معروف گلوکار عاصم سکر نے مقبول عربی کارٹون سیریز کے 23 گانے پیش کیے، جن میں ڈریگن بال، ابطال الدیجیتال اور دیگر مشہور کارٹون پروگراموں کی دھنیں شامل تھیں، حاضرین نے ان گانوں پر بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔

شو کے اختتام پر پراسرار چوری کا راز ایک جذباتی موڑ کے ساتھ سامنے آیا، کہانی میں انکشاف ہوا کہ اصل چور کوئی انسان نہیں بلکہ گزرتا ہوا وقت تھا، جبکہ گم ہونے والی قیمتی چیز بچپن کی خوبصورت یادیں اور زندگی کے وہ لمحات تھے جو وقت کے ساتھ پیچھے رہ جاتے ہیں۔

شارجہ کتاب میلے کی اس منفرد پیشکش نے مختلف نسلوں کے شائقین کو ایک ساتھ جوڑتے ہوئے موسیقی، تھیٹر اور یادوں کے ذریعے ایک یادگار تفریحی تجربہ فراہم کیا۔