خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ امر خان نے کہا ہے کہ وہاج علی کے سر پر شہرت سوار نہیں ہوئی وہ آج بھی پہلے جیسے عاجز انسان ہیں۔
وہاج علی اور امر خان کی جوڑی کو نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل میں پسند کیا جا رہا ہے جبکہ اس میں اداکارہ ماہرہ خان بھی مرکزی کردار نبھا رہی ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
امر خان نے بتایا کہ ان کے خیال میں اس کردار کو کئی دیگر مرد اداکار بھی ادا کر سکتے تھے اور وہ جانتی ہیں کہ بہت سے اداکار ایسا کردار نبھانے کے خواہشمند بھی تھے لیکن اسے جس طرح وہاج علی نے ادا کیا ہے ویسا کوئی اور نہیں کر سکتا تھا۔
اداکارہ نے ایک انسان کے طور پر بھی وہاج علی کی بہت تعریف کی اور بتایا کہ وہ وہاج کو اس وقت سے جانتی ہیں جب وہ دونوں ہی شوبز کی دنیا میں بالکل نئے تھے، گزشتہ چند برسوں میں وہاج نے بے پناہ کامیابی حاصل کی ہے لیکن ان کا رویہ اور اندازِ گفتگو آج بھی ویسا ہی ہے۔
امر خان کے مطابق انہیں مقبول ڈراموں سے ملنے والی شہرت نے تبدیل نہیں کیا اور اسی طرح ناکامی کو بھی انہوں نے اپنے دل پر نہیں لیا اور وہ آج بھی انتہائی عاجز اور زمین سے جڑے ہوئے انسان ہیں۔