خلاصہ
- لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی فلموں کے معروف اداکار معمر رانا کی بیٹی ریا رانا نے علی زاہد کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کر دیا، ریا رانا نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی تصاویر شیئر کیں، جنہیں مداحوں نے خوب پسند کیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں نکاح کی تقریب کی سادگی اور خوبصورتی نمایاں ہے، تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور دوست احباب نے شرکت کی اور نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
نکاح کے موقع پر ریا رانا نے سفید ریشمی شرارہ اور نفیس کڑھائی سے مزین مختصر قمیض زیب تن کی، جبکہ ہلکے میک اپ نے ان کی خوبصورتی کو مزید نکھار دیا، دوسری جانب علی زاہد سفید کرتا شلوار اور بیج رنگ کی شال میں ملبوس دکھائی دیے، دونوں کے لباس میں رنگوں کی ہم آہنگی تقریب کی خاص بات رہی۔
تقریب میں اداکارہ نادیہ جمیل نے بھی شرکت کی، جو ریا کی والدہ مہناز کی قریبی ساتھی ہیں، ریا کی بہن رانیہ سمیت دیگر اہل خانہ نے بھی سوشل میڈیا پر محبت بھرے پیغامات اور دعاؤں کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
رانیہ نے علی زاہد کو زندگی بھر کے لیے اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس کے علاوہ اداکارہ شگفتہ اعجاز، لائبہ خرم، ہمایل اور ہیرا بلیہ سمیت دیگر معروف شخصیات نے بھی ریا رانا اور علی زاہد کو شادی کی مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ ریا رانا نے اس سے قبل 3 جنوری 2022 کو ایک پروقار تقریب میں علی زاہد سے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، جس میں اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔