اگست میں جی میل کی بندش، گوگل نے خبر کی تردید کردی

Published On 24 February,2024 12:47 pm

نیویارک:(ویب ڈیسک )رواں سال اگست میں جی میل کی بندش کے حوالے سے فیک نیوز نے صارفین کو چکرا دیا، اس پر سرچ انجن گوگل کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ایسی پوسٹ سامنے آئی تھی جو بظاہر گوگل ہی کی جانب سے جاری کردہ لگ رہی تھی کیونکہ اس پر لوگو بھی دیکھا جا سکتا تھا۔

یہ پوسٹ فوراً وائرل ہو گئی اور کروڑوں صارفین تک پہنچی،اس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کمپنی اپنی جی میل سروس اگست سے بند کر رہی ہے، جس سے انٹرنیٹ صارفین میں تشویش کی لہر پھیل گئی تھی۔

اس حوالے سے صارفین نے کئی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹس کیں اور جاننے کی کوشش کی گئی کیا واقعی ایسا ہونے جا رہا ہے؟

صارفین کی جانب سے بے تحاشا سوالات کے بعد گوگل نے اس حوالے سے وضاحت جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ پوسٹ فیک تھی اور جی میل کو بند نہیں کیا جا رہا، گوگل نے ایکس پر بھی وضاحت کرتے ہوئے کی جانے والی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ جی میل کہیں نہیں جا رہا ہے، صارفین بالکل پریشان نہ ہوں۔