7 دسمبر کو پی ٹی آئی کے دوبارہ اسلام آباد احتجاج کی خبریں بے بنیاد قرار

Published On 30 November,2024 09:04 pm

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ 7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر درست نہیں ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ کچھ دنوں سے فیک نیوز کا بازار گرم ہے، کہا گیا کہ پارٹی کا نیا چیئرمین بنا دیا گیا ہے اور سلمان اکرم راجہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، یہ خبریں غلط ہیں کیونکہ سلمان اکرم راجہ بھی بدستور اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 7 دسمبر کو اسلام آباد دوبارہ احتجاج کے لیے آنے کی خبر درست نہیں، اسد قیصر نے 7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد جانے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ پارٹی کی سطح پر ہوا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارٹی معاملات کو ہم دیکھ لیں گے، ہمیں اپنے کپڑے باہر دھونے کی ضرورت نہیں ہے۔