لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کی نامور نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کرنے لگیں، تاہم بعدازاں انہوں نے خود ان افواہوں کی سختی سے تردید کردی۔
سوشل میڈیا پر صبح یہ خبر وائرل ہوئی تھی کہ پی ٹی وی کی سابق معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ انتقال کر گئی ہیں، جس کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، اس موقع پر سینئر اینکر توثیق حیدر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عشرت فاطمہ خیریت سے ہیں اور انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے ان سے بات بھی کی ہے۔
— Ishrat Fatima (@OfficialIshrat) October 17, 2025
بعدازاں عشرت فاطمہ نے خود ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح میں ریڈیو پاکستان سے پروگرام کرکے گھر واپس پہنچی تو اچانک فونز کی بھرمار ہوگئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ پہلا فون توثیق حیدر کا تھا، جنہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر میرے انتقال کی خبریں چل رہی ہیں، میں نے سُن کر پہلے تو خوف محسوس کیا، مگر پھر اطمینان ہوا کہ اللہ کا شکر ہے میں خیریت سے ہوں۔
عشرت فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ زندگی اور موت کو حقیقت سمجھتی ہیں، موت تو برحق ہے، میں تو بس یہ دعا کرتی ہوں کہ اللہ آسان موت دے، کسی کو تکلیف نہ ہو، اور ایک خواہش ہے کہ مجھے اپنے والد کے نام پر حج کا موقع ملے۔