کراچی : (دنیا نیوز) ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مبینہ کرپٹو کرنسی کی چوری کی خبرکوبے بنیاد قرار دے دیا۔
ترجمان پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ بعض ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کراچی ایئرپورٹ پر مسافر سے کرپٹو کرنسی چھیننے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے بعد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے ) نے معاملے کی فوری طور پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف ) اور پولیس حکام کے ساتھ مل کر تفتیش کی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق فیض یاب نامی شخص نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ چار افراد نے اسے ایک کمرے میں لے جا کر اس کا موبائل فون اور پاس ورڈ حاصل کئے اور کرپٹو کرنسی چوری کی۔
تاہم تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ متعلقہ شخص نے نہ اے ایس ایف کو اور نہ پی اے اے کو کوئی شکایت درج کرائی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں کسی بھی قسم کا ایسا واقعہ یا مشکوک سرگرمی نظر نہیں آئی۔۔پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کرادی ہے کہ ایئرپورٹ پر ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے عوام اور میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ صرف خبروں کے مصدقہ ذرائع پر ہی انحصار کریں۔ مزید گزارش ہے کہ غیر مصدقہ خبروں کے اجراء سے گریز کیا جائے تاکہ بلاوجہ تشویش و اضطراب نہ پھیلے۔