لاہور:(دنیا نیوز) ڈائریکٹرایف آئی اےلاہور زون کیپٹن(ر)علی ضیا نے کہا ہے کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو آف لوڈ کرنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
کیپٹن(ر)علی ضیا کا کہنا تھا کہ ملک کے ایئرپورٹس سےروزانہ کی بنیاد پر 60سے70ہزار لوگوں کی آمدورفت ہوتی ہے،لاہور ایئرپورٹ پر روزانہ 18سے20ہزارلوگوں کی آمدورفت ہوتی ہے، ہمارے لوگ مختلف ویزاکیٹگریز پر یہاں سے بیرون ملک جاتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پورے سال میں 52ہزار پاکستانیوں کو بیرون ممالک سے ڈی پورٹ کیا گیا، ڈی پورٹ کیسز میں ایئرلائنز کو بھی جرمانہ اداکرنا پڑتا ہے، مختلف لوگ بیرون ملک جاکر بھیک مانگتے اور کرائم میں ملوث پائے جاتے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ لاہور زون پورے سال میں فراڈ میں ملوث 300لوگوں کو بیرون ملک جانے سے روکا گیا، کچھ لوگ وزٹ یا مسافر ویزا پر بیرون ممالک جانے کی کوشش کرتے ہیں، بھیک اورجرائم میں ملوث افراد بیرون ممالک اپنے ملک کا نام بدنام کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
کیپٹن(ر)علی ضیا نے کہا کہ ہم تو چاہتے ہیں ہمارے لوگ قانونی طریقے سے بیرون ملک جائیں اورترسیلات زرکا باعث بنیں، خدارا آپ قیاس آرائیوں پر یقین نہ کریں،لوگ قیاس آرائیوں کو پھیلا کر ذاتی فائدہ حاصل کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صرف انہی مسافروں کو آف لوڈ کیا جاتا ہے جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات نہ ہوں، ایف آئی اے وہ ادارہ ہے جو سب سے پہلے یہاں آنے والوں کو ویلکم کرتا ہے، جو لوگ باہر جانے کے خواہشمند ہیں وہ مکمل دستاویزات اورقانونی طریقہ استعمال کریں۔



