طب کا نوبل انعام دو امریکی سائنسدانوں کو دیدیا گیا

Published On 04 October,2021 05:43 pm

سٹاک ہوم:(دنیا نیوز)فزیالوجی اینڈ میڈیسن یا طب کا نوبل انعام مشترکہ طور پر دو امریکی سائنسدانوں کو دے دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نوبل پرائز کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ فزیالوجی یا طب کے شعبے میں 2021 کا نوبل انعام مشترکہ طور پر 2 امریکی سائنس دانوں ڈیوڈ جولیئس اور آرمینن نژادا مریکی سائنسدان آرڈیم پاٹاپوٹیم کو دیا جائے گا۔

دونوں طبی سائنس دانوں کو اس انعام کا حق دار انسانی جسم میں درجۂ حرارت سے متعلق اعصابی نظام پر تحقیقات کرنے پر قرار دیا گیا۔

نوبل پرائز کمیٹی کے مطابق ان سائنس دانوں نے اپنی ریسرچ میں اس امر کی وضاحت کی ہے کہ گرمی، سردی اور چھونے سے ہمارے اعصابی نظام میں سگنل کیسے آ سکتے ہیں، شناخت شدہ آئن چینلز بہت سے جسمانی عمل اور بیماری کے حالات کے لیے اہم ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ ہمارے اجسام کس طرح سورج کی روشنی کی حرارت یا ہمارے کسی پیارے کا ہمیں گلے لگانے کا احساس محسوس کرتے ہیں۔

ان سائنس دانوں نے اس بات پر بھی کام کیا کہ کس طرح ہمارے اجسام نروس سسٹم کے اندر جسمانی حساسیت کو برقی پیغامات میں تبدیل کرتے ہیں، سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج سے درد کے علاج کے نئے طریقے دریافت کیے جا سکیں گے۔
 

Advertisement