کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے آج سے صحت کارڈ کا اجراء کر دیا۔
وزیرِ اعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان صحت کارڈ پروگرام کے اجراء کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، نگران وزیرِ اعلیٰ علی مرادن خان ڈومکی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
نگران وزیرِ اعلیٰ علی مرادن ڈومکی کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج سے بلوچستان کے عوام کیلئے مفت علاج کا اعلان کرتا ہوں، اس منصوبے سے بلوچستان کے 23 لاکھ مستقل رہائشی خاندان مستفید ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے منتخب 1200 سے زائد ہسپتال صحت کارڈ کے پینل پر موجود ہیں، جہاں بلوچستان کے عوام مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
نگران وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی صحت کارڈ پروگرام میں قومی شناختی کارڈ ہی صحت کارڈ ہے جس پر ہر بلوچستانی کا مفت علاج ہوگا، صوبے کے ہر فرد کو یکساں علاج کی سہولتیں ملیں گی، ان میں ڈائیلاسز، ڈلیوری، کینسر کا علاج، حادثے کی صورت میں علاج کی سہولتیں شامل ہیں۔
علی مردان ڈومکی کا مزید کہنا تھا کہ مریض پینل پر موجود کسی بھی سرکاری و نجی ہسپتال سے علاج شروع کرا سکے گا، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ صحت کارڈ پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔