کوئٹہ :(دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع کوئٹہ سے پاکستان میں رواں سال کا پانچواں پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دو سال کی عمر کے متاثرہ بچے میں معذوری کی علامات 29 اپریل کو ٹانگوں میں ظاہر ہوئیں، معذوری کی یہ علامات بازو تک پھیل گئی اور بچہ کراچی کے ایک ہسپتال میں جان کی بازی ہارگیا۔
بچے کی وفات کے بعد قومی ادارہ صحت نے اس کے بھائی اور گھر میں ساتھ رہنے والے کزن کے بھی نمونے لیے ، ان نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، نمونوں میں پائے گئے پولیو وائرس کا تعلق سرحد پار سے آئے وائے بی تھری اے پولیو وائرس کلسٹر سے ہے۔
ڈبلیو ایچ اور کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال کے پانچ میں سے چار کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں، اس سال بلوچستان سے 50 سے زائد ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، جن میں 21 مثبت نمونے کوئٹہ سے ہیں۔
واضح رہے کوئٹہ میں چار سال بعد یہ پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، گزشتہ سال مجموعی طور پر پاکستان سے چھ پولیو کیس رپورٹ ہوئے تھے۔