اسلام آباد: (ویب ڈیسک )ملک بھر میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، تاریخ میں پہلی بار ایبٹ آباد اور گوادر کے ماحولیاتی نمونوں سے بھی پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد کے علاقے کالا پُل شیخ البندی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
دوسری جانب جی ڈی اے پلانٹ گوادر کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کے ملنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق بلوچستان کے علاقوں اوستہ محمد، دکی، مستونگ، سبی، کیچ کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ، اسی طرح ڈھوک دلال راولپنڈی کے ماحولیاتی نمونے سے بھی پولیو وائرس ملا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک 49 اضلاع کے 211 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آ چکی ہے۔