کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں میں کورونا کے نئے مریض سامنے آنے لگے۔
پھیپھڑوں کے امراض، انفلوئنزا اور سانس کی نالی کا انفیکشن تیزی سے پھیلنے لگا، ڈاؤ اسپتال میں کھانسی بخار کی علامات کے ساتھ آئے 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا مثبت آرہا ہے۔
کراچی میں کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے لگے، پھیپھڑوں کے امراض، انفلوائنزا اور سانس کی نالی میں انفیکشن کے ساتھ مریض ہسپتال آرہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈاؤ ہسپتال میں کھانسی اور بخار کی علامات کے ساتھ آنے والے 25 سے 30 فیصد مریضوں میں کورونا وائرس مثبت آرہا ہے۔
ماہر متعدی امراض ڈاؤ اسپتال پروفیسرسعید خان نے انکشاف کیا ہے کہ کسی سرکاری اسپتال میں فی الوقت کورونا کے ٹیسٹ کی سہولیات نہیں، مہنگا ہونے کی وجہ سے اکثر لوگ ٹیسٹ نہیں کرارہے۔
پروفیسر سعید خان نے مزید بتایا کہ 10 سے 12 فیصد مریضوں میں انفلوئنزا ایچ 1 این 1 کی تصدیق ہورہی ہے، 5 سے 10 فیصد بچوں میں آر ایس وی اور سانس کے دیگر وائرس کی تصدیق ہورہی ہے، اکثر مریض ٹیسٹ نہیں کرواتے جس کے باعث بیماریوں کی تصدیق نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ سردیوں میں یہ بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں، ہوا کے نکاس کا ناقص نظام وائرسز کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ بنتا ہے، شہری احتیاطی تدابیر لازمی اپنائیں، ماسک پہنیں اور خود کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہر سال انفلوئنزا کی ویکسین لازمی لگوائیں۔