پی ایم ڈی سی نے ڈینٹل کورس کی معیاد 5 سال کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا

Published On 23 January,2025 08:37 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ڈینٹل کورس کی معیاد 5 سال کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا، کونسل نے گزشتہ سال ڈینٹل کا کورس 4 سال کی بجائے 5 سال کرنے کا فیصلہ لاگو کیا تھا۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق ڈینٹل سرجنز ایسوسی ایشن کے دباؤ پر کونسل نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا جبکہ پی ایم ڈی سی نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی فیکلٹی کی عمر کی حد مزید پانچ سال بڑھا دی۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں فیکلٹی کی عمر کی حد 70 سال سے بڑھا کر 75 سال کر دی، فیکلٹی کی عمر کی حد میں اضافہ و ڈینٹل کورس میں اضافہ واپس لینے کا فیصلہ کونسل کے 12 ویں اجلاس میں کیا گیا۔

اس کے علاوہ صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ڈین پمز ہسپتال کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ کے بعد دوسری بار بھی ملازمت میں توسیع کرا لی، پی ایم ڈی سی کے صدر کی ریٹائرمنٹ کے بعد ڈین پمز کی مدت میں دوسری بار اضافہ 17 جنوری کو کیا گیا۔