خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں یکم دسمبر سے کیش لین دین مکمل بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے کیش لیس اسلام آباد پر عملدرآمد کا حکم جاری کردیا، چیف افسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اویس افضل نے 25 نومبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے مطابق یکم دسمبر 2026 سے ایم سی آئی کے کسی دفتر، ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ٹیکس، فیس، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ہوں گی، پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک کے ذریعے ادائیگیاں بھی قبول نہیں کی جائیں گی۔ ایم سی آئی کے تمام کیش کاؤنٹرز تیس نومبر تک بند کرنے، مینول رسید بکس سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دفاتر میں آن لائن ادائیگیوں سے متعلق عوامی آگاہی نوٹس بھی آویزاں کئے جائیں گے۔تمام ڈائریکٹرز کو 7 روز میں عملدرآمد کی رپورٹ چیف آفیسر کو جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ یکم دسمبر کے بعد نقد رقم وصول کرنے والے افسر یا اہلکار کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہوگی، جبکہ متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی ذاتی طور پر جواب دہ ہوں گے۔