کراچی عمارت گرنے کا واقعہ: 3 اعلیٰ افسران عہدوں سے فارغ، 16 کی معطلی کا حکم

کراچی عمارت گرنے کا واقعہ: 3 اعلیٰ افسران عہدوں سے فارغ، 16 کی معطلی کا حکم

اجلاس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے کے واقعے پر شدید ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی ایسے واقعے کو برداشت نہیں کروں گا جس میں جانی نقصان ہو یا انسانی جان کو اذیت پہنچے۔

مراد علی شاہ نے بریفنگ لینے کے بعد وزیر بلدیات ناصر شاہ کی مشاور ت سے ان کے محکمہ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں 6 منزلہ عمارت زمین بوس، 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، 14 زخمی

وزیراعلیٰ نے سیکرٹری بلدیات وسیم شمشاد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا، جبکہ انہیں ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا، وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت سے وسیم شمشاد کو فوری معطل کرنے اور ان کے خلاف انکوائری کی سفارش بھی کی۔

عمارت گرنے کے سانحے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا گیا، جبکہ غفلت برتنے پر وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ مکمل انکوائری کی جائے اور اگر ادارے کا کوئی ملازم غفلت یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مراد علی شاہ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی، جبکہ چیف سیکرٹری کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمارت گرنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور غفلت کے ذمہ دار کسی بھی شخص کو قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے۔