سندھ یوتھ کارڈ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب تاریخی اقدام ہے: وزیراعلیٰ سندھ

سندھ یوتھ کارڈ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی جانب تاریخی اقدام ہے: وزیراعلیٰ سندھ

سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ محض ایک کارڈ نہیں بلکہ مواقع، شمولیت اور بااختیاری کا پلیٹ فارم ہے، یہ حکومت کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا عملی اظہار ہے، نوجوانوں کی صلاحیت اور عزم ان کے لیے مواقع کا تعین کرے، معاشی حالات یا سماجی پس منظر نہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بصیرت افروز قیادت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی بنیاد ہے، پاکستان پیپلز پارٹی سماجی انصاف، مساوی مواقع اور جامع ترقی کی علمبردار ہے، نوجوانوں کو بااختیار بنانا بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا بنیادی حصہ ہے، ان کی نوجوانوں کی ترقی پر خصوصی توجہ قابلِ تحسین ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ یوتھ کارڈ نوجوانوں کے لیے مواقع اور سہولیات تک رسائی آسان بنائے گا، نوجوانوں کو تعلیم، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع سے منسلک کرے گا، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں سہولیات فراہم کرنا بھی اس کا مقصد ہے، نوجوانوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنا پیپلز پارٹی حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر باصلاحیت اور محنتی نوجوان کامیابی کے یکساں مواقع کا حق دار ہے، معاشی حالات اور سماجی پس منظر نوجوانوں کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، سندھ یوتھ کارڈ کی کامیابی جاری کردہ کارڈز کی تعداد سے نہیں بلکہ پیدا ہونے والے مواقع اور نوجوانوں کی بہتر زندگی سے ناپی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کا تعاون ضروری ہے، سیفائر کنسلٹنگ سروسز اور جے ایس بینک کے ذیلی ادارے زندگی کا سندھ حکومت کے ساتھ تعاون قابلِ تحسین ہے، سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا میں نجی شعبے کی شراکت اہمیت کی حامل ہے، سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری جامع ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی سے کشمور اور تھرپارکر سے لاڑکانہ تک ہر نوجوان کی ترقی حکومت کی ترجیح ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، خیرپور اور ٹھٹھہ سمیت سندھ کے تمام اضلاع کے نوجوان سندھ یوتھ کارڈ سے مستفید ہوں گے، جغرافیائی محل وقوع اور مالی حالات نوجوانوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا منزل نہیں بلکہ ایک بڑے سفر کا آغاز ہے، نوجوانوں کے لیے مواقع میں مسلسل اضافہ کیا جائے گا، ادارہ جاتی شراکت داری مزید مضبوط بنائی جائے گی اور ٹیکنالوجی میں جدت اپنا کر نئے مواقع پیدا کریں گے، سندھ کے ہر ضلع میں مستحق نوجوانوں تک اس کارڈ کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نوجوان صرف ملازمت کے متلاشی نہیں بلکہ کامیاب کاروباری شخصیات بھی بنیں، انہیں جدت، کاروبار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، نوجوان مستقبل کے محققین، کھلاڑیوں، ماہرین اور رہنماؤں کی حیثیت سے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں، نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں سندھ کی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو باعزت روزگار اور معاشی خودمختاری کے مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے، بااختیار نوجوانوں کے بغیر خوشحال سندھ کی تعمیر ممکن نہیں، نوجوان نسل کو مواقع اور وسائل فراہم کیے بغیر مضبوط پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، ہمارے نوجوان ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔

انہوں نے وزیر کھیل و امور نوجوانان محمد بخش مہر کو سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا اجرا وزیر کھیل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، سندھ حکومت نوجوانوں کی تعلیم، روزگار، مہارتوں اور فلاح و بہبود پر سرمایہ کاری جاری رکھے گی، نوجوانوں کی معاشی خودمختاری کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی پُرعزم ہے۔