خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کر لیا، جس کے قیام کا نوٹیفکیشن 24 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے میر رضا کیس کے حوالے سے قائم کابینہ کی سب کمیٹی کے اراکین نے ملاقات کی، کمیٹی میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، ضیاء الحسن لنجار، سعید غنی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ جواد ڈیرو شامل ہیں۔
کمیٹی اراکین نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پر ہونے والے پہلے جائزہ اجلاس اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔
— Sindh Chief Minister House (@SindhCMHouse) October 21, 2026
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جائزہ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر ابتدائی سفارشات مرتب کی گئی ہیں، کمیٹی اراکین نے یہ سفارشات وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کر دیں۔
جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر سندھ حکومت نے جے آئی ٹی کے علاوہ ایک اور تحقیقاتی ٹیم بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جو کیس کی ابتدائی تفتیش کرنے والی ٹیموں کی غفلت اور لاپرواہی کی نشاندہی کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمیٹی کی تمام سفارشات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔