خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کراچی میں مفرور ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پنجاب پولیس کے افسر اے ایس آئی اصغر کو ویڈیو لنک کال کر کے ان کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔
ویڈیو کال کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے زخمی اے ایس آئی اصغر کے پاس موجود ان کی والدہ کو بھی سلام کیا، انہیں حوصلہ دیا اور بیٹے کے مکمل اور بہترین علاج کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے ڈی پی او اور آر پی او کو ہدایت کی کہ اے ایس آئی اصغر کے علاج کے لیے تمام تر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، جبکہ ان کی ریڑھ کی ہڈی (سپائن) کی بحالی اور علاج کے لیے جو بھی ممکن ہوا ضرور کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اے ایس آئی اصغر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کمر میں گولی لگی، آپ کی جان بچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں، آپ نے انتہائی بہادری سے جرائم پیشہ عناصر کو ٹف ٹائم دے کر اپنا مشن پورا کیا، انہوں نے زخمی افسر کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ملتان لائے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں اصغر جیسے بہادر پولیس افسروں پر فخر ہے، آپ نے بالکل نہیں گھبرانا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پولیس ٹیم میں شامل اہلکار بشیر کی بھی عیادت کی اور ٹیم کے دیگر اراکین رضوان اور طارق کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مجھے عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے قربانی دینے والی اپنی پولیس ٹیم پر فخر ہے۔
دوسری جانب زخمی اے ایس آئی اصغر نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمر میں دو گولیاں لگی تھیں تاہم اب وہ الحمدللہ بہتر ہیں، اور وزیراعلیٰ کی خصوصی توجہ و کاوش پر انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے ملتان منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ریکی کے لیے کراچی جانے والی پنجاب پولیس کی ٹیم پر مفرور ملزمان نے اچانک فائرنگ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اصغر شدید زخمی ہو گئے تھے، انہیں ابتدائی طور پر کراچی کے آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ریسکیو 1122 ایئر ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے ملتان لایا گیا۔