پنجاب حکومت کا سکولوں میں خسرہ ویکسین لگانے کا اعلان

Published On 14 November,2025 05:07 pm

لاہور:(دنیا نیوز) بچوں کو خسرہ سے بچانے کیلئے حکومت پنجاب کا اہم قدم سامنے آیا ہے،سکولوں میں خسرہ ویکسین لگائی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں 17 نومبر سے شروع ہونے والی خسرہ/روبیلا ویکسین مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیااور 17 نومبر سے شروع ہونے والی انسداد خسرہ مہم کی تیاریوں بارے بریفنگ دی گئی۔

سیکرٹری صحت و آبادی، سیکرٹری تعلیم سکولز، سپیشل سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم، اے ایس ٹیکنیکل، اے ایس ورٹیکل پروگرام بھی اجلاس میں موجود تھے جب کہ صوبہ بھر سے سی ای او صحت و تعلیم کی اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہر بچے کو صحت مند و توانا دیکھنا چاہتی ہیں، خسرہ ویکسین کے ساتھ ساتھ 11 منتخب اضلاع میں پولیو کے قطرے بھی پلانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہر خصوصی مہم کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن لازمی قرار دے دی،محکمہ سکولز کے تعاون سے پہلے بھی ایچ پی وی کی مہم تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر ایچ پی وی مہم میں محکمہ سکولز کے تعاون سے 90 فیصد سے زیادہ کی کوریج کے اہداف حاصل کئے، بیماریوں سے بچاؤ پر کام کرنے سے ہسپتالوں پر لوڈ مینجمنٹ ممکن ہو پائے گی۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ای پی آئی پنجاب کی تمام ویکسین 100 فیصد محفوظ اور پوری دنیا میں زیر استعمال ہے، خسرہ/ روبیلا ویکسی نیشن مہم میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کو بھی اعتماد میں لیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم ای پی آئی پروگرام کو مذید مظبوط کریں گے تاکہ ائیندہ کوئی سپیشل مہم کی ضرورت نہ پڑے،بر وقت اقدامات کی بدولت گذشتہ سال کی نسبت امسال خسرہ کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران 17 ملین بچوں کو خسرہ روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گیا اور منتخب اضلاع کے 5۔5 ملین بچوں کو او پی وی ویکسین بھی دی جائے گی، تمام سی ای او ہیلتھ اپنے اپنے اضلاع میں ہر ہیلتھ فیسیلیٹی میں ویکسین کی دستیابی یقینی بنائیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مہم کی کامیابی کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے، صحت و سکولز کے سی ای اوز مربوط رابطہ یقینی بنائیں، کسی سستی کی گنجائش نہیں۔