کراچی: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے ڈینگی کی صورتحال سے متعلق یومیہ رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں سندھ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 84 نئے مریض داخل ہوئے ، نجی ہسپتالوں میں ڈینگی کے مزید 63 مریض سامنے آئے۔
اِسی طرح صوبے بھر میں ڈینگی کے مجموعی داخل مریضوں کی تعداد 137ہوگئی جب کہ کراچی ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 44 نئے مریض آئے، حیدرآباد میں سرکاری ہسپتالوں میں 25 نئے مریض داخل ہوئے۔
ڈی جی ہیلتھ نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں 106 مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں ، نجی ہسپتالوں میں 63 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر فارغ کردیا گیا ، اب تک صرف سندھ میں ڈینگی سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔
دوسری جانب رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سرکاری و نجی لیبارٹریز میں 4641 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کئے گئے، رپورٹس کے مطابق 691 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جن میں کراچی کے 352 افراد اور حیدرآباد کی لیبارٹریز میں 339 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔



