اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ادارہ صحت نے سموگ (فضائی آلودگی ) سے بچاؤ اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی۔
قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سموگ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے، سرد موسم میں سموگ روان ماہ سے فروری تک انسانی صحت کو مزید متاثر کرسکتی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ فضا میں زہریلے مادے اور سردی مل کر نمونیا کی بیماری پھیلانے کا سبب بنیں گے، سموگ سے صحت، معیشت اور معیار زندگی شدید متاثر ہو گا۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق سموگ سے ماحولیاتی آلودگی، سانس اور دل کی بیماریوں سمیت کئی طرح کے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق فضائی آلودگی سے بچوں، زیادہ عمر کے لوگوں اور پہلے سے بیمار افراد کو زیادہ خطرہ ہے، پنجاب کے شہر لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کو سموگ کے زیادہ خطرات ہیں۔
لاہور میں فضائی الودگی سب سے زیادہ ہے، جہاں شہریوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، ملک بھر میں صحت کے شعبے، اتھارٹیز اور ماہرین سموگ کے حوالے سے ضروری اقدامات کریں۔
قومی ادارہ صحت نے ایڈوائزری میں کہا کہ سموگ کی صورتحال میں بچوں کو زیادہ باہر رہنے سے اجتناب کرنا چاہئے، مثاثرہ علاقوں میں بڑے یا بچے ماسک کا استعمال کریں۔



