خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ 2 فروری سے ملک بھر میں پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔
عائشہ رضا فاروق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2 فروری سے ملک بھر میں انسداد پولیو کی پہلی قومی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے دوران ساڑھے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ میڈیا کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں جبکہ غلط معلومات پھیلانا آج کے دور میں انتہائی آسان ہو چکا ہے، جس سے پولیو مہم کو چیلنجز کا سامنا ہے، اس مہم میں 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران اب تک پولیو کے 31 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے 17 کیسز جنوبی خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی میں پولیو وائرس موجود ہے جس کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ بلوچستان میں گزشتہ 15 ماہ کے دوران پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، اسی طرح لاہور میں ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی مقدار میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
فوکل پرسن نے کہا کہ وزیراعظم آفس سے پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز 2 فروری سے قبل انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس کر رہے ہیں، پولیو قطروں سے انکاری خاندانوں کو راضی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔