کراچی: ایک ہی خاندان کے 4 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق

کراچی: ایک ہی خاندان کے 4 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق

متاثرہ بچوں کے والد کے مطابق آج ان کے 10 سالہ بیٹے میں بھی ایچ آئی وی کی تصدیق ہوگئی، جبکہ دو روز قبل 9 سالہ بیٹی کی رپورٹ بھی مثبت آئی تھی، اس سے قبل ان کے 12 سالہ اور 3 سالہ بیٹوں میں بھی ایچ آئی وی کی تشخیص ہوچکی تھی۔

والد نے بتایا کہ ان کے چار بچے ہیں اور اب چاروں ایچ آئی وی سے متاثر ہوچکے ہیں، وہ بچوں کو معمولی علاج کیلئے ہسپتال لے کر گئے تھے، تاہم اب ان کے بچوں کو زندگی بھر ساتھ رہنے والی بیماری لاحق ہوگئی ہے۔

متاثرہ بچوں کے والد نے سندھ کے وزیر سعید غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کا تعین ہو سکے۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے بچوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کی جائے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق کراچی میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 81 ہوگئی ہے، جبکہ متعلقہ ادارے معاملے کی تحقیقات اور متاثرہ بچوں کے علاج و نگہداشت کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔