امریکن ریڈ کراس کا خون کے ذخائر کی دوسری قومی سطح کی قلت کا اعلان

امریکن ریڈ کراس کا خون کے ذخائر کی دوسری قومی سطح کی قلت کا اعلان

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکن ریڈ کراس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طلب عطیات سے مسلسل زیادہ ہونے کے باعث اس نے انفرای ہسپتالوں کو گروپ او (O) خون کی فراہمی محدود کرنا شروع کر دی ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ اس وقت قومی سطح پر او پازیٹو خون کا ایک دن سے بھی کم ذخیرہ موجود ہے، بیان کے مطابق او پازیٹو خون سب سے زیادہ استعمال ہونے والا خون کا گروپ ہے، جو ریڈ کراس کی جانب سے فراہم کئے جانے والے خون کا تقریباً 60 فیصد ہے اور اسے تقریباً 80 فیصد مریضوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کیا جا سکتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید گرمی، خراب فضائی معیار اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کے باعث اس موسم گرما میں خون عطیہ کرنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے، جس سے ملک میں خون کے ذخائر پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ریڈ کراس بائیومیڈیکل سروسز کے صدر کرس ہرودا نے کہا کہ امریکا میں خون کی مصنوعات فراہم کرنے والے سب سے بڑے ادارے نے اپنے شراکت دار ہسپتالوں کے لیے خون کی فراہمی مستحکم بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہر عطیہ جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے اور ہمیں فوری طور پر ضرورت ہے کہ ہر اہل فرد جلد از جلد خون عطیہ کرنے کے لئے وقت مقرر کرے۔

امریکن ریڈ کراس نے پہلی بار جنوری 2022 میں خون کے ذخائر کی قومی سطح کی قلت کا اعلان کیا تھا، جب امریکا کووڈ-19 وبا کے دیرپا اثرات سے نمٹ رہا تھا۔