ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے

ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا بھر میں 30 کروڑ 40 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس بی یا سی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ 2022ء میں تقریباً 13 لاکھ افراد اس بیماری کے باعث جان کی بازی ہار گئے، یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ ہیپاٹائٹس صرف ایک طبی مسئلہ نہیں بلکہ صحت کے ایک خوفناک بحران کی صورت اختیار کر چکاہے۔

پاکستان کے لیے یہ دن خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ہمارا ملک دنیا میں ہیپاٹائٹس سی کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شمار ہوتا ہے، عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد تقریباً ایک کروڑ 38 لاکھ ہے جبکہ ان میں سے صرف 25 سے 30 فیصد افراد ہی اپنی بیماری سے آگاہ ہیں، اس کا مطلب ہے کہ لاکھوں افراد انجانے میں بیماری کو دوسروں تک منتقل بھی کر رہے ہیں اور خود بھی علاج سے محروم ہیں۔

ہیپاٹائٹس، تشویشناک پھیلاؤ

ہیپاٹائٹس بی اور سی کے پھیلنے کی کئی بنیادی وجوہات ہیں جن میں غیر محفوظ طبی طریقہ کار سب سے نمایاں ہے، ماہرین کے مطابق غیر ضروری انجکشن لگانے کا رجحان، استعمال شدہ سرنجوں کا دوبارہ استعمال، غیر معیاری کلینکس، دانتوں کے علاج میں جراثیموں سے پاک کئے بغیر آلات کا استعمال اور حجام کی دکانوں پر ایک ہی بلیڈ کا بار بار استعمال اس بیماری کے پھیلاؤ کے بڑے اسباب ہیں۔

عالمی ادارہ صحت بھی انہی عوامل کو پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات قرار دیتا ہے، حالیہ طبی مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ عمر کے ساتھ ہیپاٹائٹس کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ ایسے افراد جن کے خاندان میں جگر کی بیماری کی تاریخ موجود ہو یا جو بار بار حجام سے شیو کرواتے ہوں ان میں خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے، ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ قومی سطح پر سکریننگ، احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد اور بروقت علاج ہی اس جان لیوا مرض سے بچاؤکا مؤثر ذریعہ ہے۔

خاموش بیماری مہلک نتائج

ہیپاٹائٹس کو اکثر خاموش قاتل کہا جاتا ہے کیونکہ اس کی ابتدائی علامات بہت کم یا بالکل ظاہر نہیں ہوتیں، بہت سے مریض برسوں تک معمول کی زندگی گزارتے رہتے ہیں لیکن اس دوران وائرس مسلسل جگر کو نقصان پہنچاتا رہتا ہے، جب علامات ظاہر ہوتی ہیں تو اکثر بیماری خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہوتی ہے، عام علامات میں مسلسل تھکن، کمزوری، بھوک میں کمی، متلی، بخار، پیٹ کے دائیں حصے میں درد، جلد اور آنکھوں کا پیلاپن، پیشاب کی گہری رنگت اور وزن میں غیر معمولی کمی شامل ہے۔

اگر بروقت تشخیص اور علاج نہ کیا جائے تو ہیپاٹائٹس جگر کے سکڑنے (سروسس) جگر کے سرطان اور جگر کے مکمل ناکارہ ہونے کا سبب بن سکتا ہے، خوش آئند بات یہ ہے کہ ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کیلئے مؤثر ویکسین دستیاب ہے جبکہ ہیپاٹائٹس سی کا جدید ادویات کے ذریعے کامیاب علاج بھی ممکن ہے بشرطیکہ بیماری کی بروقت تشخیص ہو جائے۔

احتیاط ہی مؤثر دفاع

ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کیلئے چند بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، سب سے پہلے انجکشن صرف ضرورت کے وقت اور نئی، سیل بند سرنج سے لگوائیں، خون لینے دینے کا عمل ہمیشہ مستند بلڈ بینک سے کروائیں اور اس کی مکمل سکریننگ یقینی بنائیں، دانتوں کا علاج صرف ایسے کلینکس سے کروائیں جہاں جراثیم سے پاک آلات استعمال کیے جاتے ہوں، حجام کی دکان پر ہر مرتبہ نیا بلیڈ استعمال کرنے پر اصرار کریں، ریزر، نیل کٹر، ٹوتھ برش اور دیگر ذاتی استعمال کی اشیاء کسی کے ساتھ مشترک استعمال نہ کریں، کان یا ناک چھدوانے کی صورت میں صرف جراثیم سے پاک آلات استعمال کئے جائیں۔

اس کے علاوہ ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین ہر بچے اور خطرے سے دوچار بالغ افراد کے لیے انتہائی ضروری ہے، جن افراد کو شک ہو کہ وہ متاثرہ خون یا غیر محفوظ طبی آلات کے ذریعے وائرس کے رابطے میں آئے ہیں انہیں فوری طور پر ہیپاٹائٹس بی اور سی کا ٹیسٹ کروانا چاہیے تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے۔

قومی سطح پر مشترکہ جدوجہد کی ضرورت

ہیپاٹائٹس کا خاتمہ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت کو چاہیے کہ غیر معیاری کلینکس اور غیر تربیت یافتہ طبی عملے کے خلاف مؤثر کارروائی کرے، محفوظ خون کی فراہمی کو یقینی بنائے، عوامی آگاہی مہمات کو وسعت دے اور مفت سکریننگ اور علاج کی سہولیات میں اضافہ کرے۔

عالمی ادار صحت نے 2030ء تک ہیپاٹائٹس کو صحتِ عامہ کے بڑے خطرے کے طور پر ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، اگر ہم قومی سطح پر بروقت اور ضروری اقدامات کریں، عوام احتیاطی اصولوں پر عمل کریں اور ہر مشتبہ فرد اپنا ٹیسٹ کروائے تو اس خاموش قاتل کے پھیلاؤ کو نمایاں حد تک روکا جا سکتا ہے۔

عالمی یومِ ہیپاٹائٹس ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ آگاہی، احتیاط، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج ہی اس مہلک بیماری کے خلاف ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں، ایک صحت مند پاکستان کی تعمیر اسی وقت ممکن ہے جب ہر شہری اپنی اور دوسروں کی صحت کے تحفظ کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھے۔