خلاصہ
- لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے تمام سرکاری ہسپتالوں سے فائر سیفٹی انتظامات سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی ہدایت کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے تمام سرکاری ہسپتالوں سے فائر سیفٹی انتظامات سے متعلق تفصیلی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی سسٹم کی تنصیب کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جب کہ ہسپتالوں میں ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لیے بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔
اُن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالرحمان نے ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا اور وہاں فائر سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر فائر الارم، ہائیڈرنٹس اور ایمرجنسی ایگزٹس کی دستیابی اور فعال ہونے کو یقینی بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ندیم ناصر کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ افسران کو فائر سیفٹی انتظامات میں موجود خامیوں کو فوری دور کرنے اور تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔