صحت
خلاصہ
- کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے افغان میڈیکل طلبہ کی پاکستان میں تعلیم و تربیت جاری رکھنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔
کیس کی سماعت جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بینچ نے کی، عدالت نے افغان میڈیکل طلبہ کی پاکستان میں تعلیم و تربیت جاری رکھنے سے متعلق درخواست مسترد کر دی۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ غیر ملکی شہریوں کو پاکستان میں تعلیم جاری رکھنے یا تربیت حاصل کرنے کا غیر محدود حق حاصل نہیں، امیگریشن، ملک بدری اور قومی سلامتی کے امور حکومت کے اختیار میں ہیں۔
عدالت نے کہا کہ افغان شہریوں کو انسانی سلوک، وقار اور قانونی تحفظات کا حق حاصل ہے، تاہم قانونی تحفظات کے باوجود افغان شہریوں کو پاکستان میں قیام یا تعلیم کا غیر محدود حق حاصل نہیں۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے متاثرہ طلبہ کو اپنی شکایات کے ازالے کے لیے افغان سفارتخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی۔