بلوچستان کے تمام 23 ماحولیاتی پولیو نمونوں کے نتائج منفی آ گئے

بلوچستان کے تمام 23 ماحولیاتی پولیو نمونوں کے نتائج منفی آ گئے

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت نے انسداد پولیو اقدامات پر اظہار اطمینان کیا اور ٹھوس اقدامات کا تسلسل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیو کے خلاف قومی مہم میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مسلسل کوششوں اور ٹھوس اقدامات سے پولیو کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام ماحولیاتی نمونوں کا منفی آنا تین سال کی مسلسل جدوجہد اور شب و روز محنت کا نتیجہ ہے، حکومت بلوچستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور پالیسیوں کے تسلسل سے پولیو کے خاتمے کی جانب اہم کامیابی حاصل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، پولیو ورکرز اور والدین کی مشترکہ کاوشیں قابل تحسین ہیں، دہشت گردی کے خطرات اور دشوار گزار علاقوں کے باوجود پولیو ورکرز بچوں تک پہنچتے رہے، شدید گرمی، سردی اور بنیادی سہولیات کی کمی بھی پولیو ورکرز کے عزم کو متزلزل نہ کر سکی۔

وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان پولیو ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پولیو کے خاتمے کے لیے حاصل ہونے والی پیش رفت کو برقرار رکھیں گے۔