خلاصہ
- لکی مروت: (دنیا نیوز) ضلع لکی مروت میں انسدادِ پولیو کی چار روزہ قومی مہم 2 نومبر سے شروع ہوگی، جو 5 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران ضلع کی 40 یونین کونسلز میں پانچ سال سے کم عمر ایک لاکھ 71 ہزار 627 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لکی مروت کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ایک ہزار بیس تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
دوسری جانب مہم کے دوران بچوں تک رسائی یقینی بنانے کے لیے 929 موبائل ٹیمیں، 52 فکسڈ ٹیمیں اور 39 ٹرانزٹ ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔
موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی، جبکہ فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں مقررہ مراکز اور آمدورفت کے مقامات پر بچوں کو قطرے پلانے کی ذمہ دار ہوں گی۔
پولیو مہم کی مؤثر نگرانی اور ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے 46 یونین کونسل چیئرپرسنز اور 261 ایریا انچارجز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے مہم کے تمام انتظامات مکمل ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر اپنے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ ضلع کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنایا جاسکے۔