پاکستان میں تین دہائیوں میں پولیو کیسز میں 99.8 فیصد کمی ہوئی: عائشہ رضا فاروق

پاکستان میں  تین دہائیوں میں پولیو کیسز میں 99.8 فیصد کمی ہوئی: عائشہ رضا فاروق

پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پولیو کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جو اس موذی مرض کے مکمل خاتمے کے عزم کی تجدید کا موقع ہے، پاکستان نے انسدادِ پولیو کے لیے مسلسل کوششوں کے نتیجے میں اہم پیش رفت کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی مثبت شرح بھی کم ہو کر 10 فیصد سے نیچے آ گئی ہے، جو انسدادِ پولیو کی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔

 وزیراعظم کی فوکل پرسن نے اس بات پر زور دیا کہ اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھنے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کوششوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔

عائشہ رضا فاروق  نے حکومتِ پاکستان اور انسدادِ پولیو مہم میں شریک تمام شراکت داروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس قومی مشن میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے پولیو ورکرز کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہیں تھیں۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ پاکستان سے پولیو کا جلد مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا، انہوں نے اس قومی مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں، شراکت داروں اور عوام کی مسلسل معاونت اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔