خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں سال 2026 کے دوران رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
سندھ ای او سی کے مطابق رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے سات پولیو کیسز میں سے پانچ خیبر پختونخوا جبکہ دو سندھ سے سامنے آئے ہیں، کراچی میں پولیو کا آخری کیس دسمبر 2024 میں رپورٹ ہوا تھا۔
سندھ ای او سی کا کہنا تھا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے بچوں کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے، والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی مقررہ وقت پر مکمل کروائیں۔
اُنہوں نے کہا کہ قومی انسدادِ پولیو مہم 2 سے 8 نومبر 2026 تک منعقد کی جائے گی، جس کے دوران کراچی کے تمام اضلاع سمیت ملک بھر کے 97 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے تحت 2 کروڑ 39 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ ای او سی نے والدین، سول سوسائٹی اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ انسدادِ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ ملک سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔