ادویات کی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن لازمی قرار، ڈریپ کا اہم فیصلہ

ادویات کی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن لازمی قرار، ڈریپ کا اہم فیصلہ

ڈریپ کے مطابق 9 اکتوبر 2026 سے تیار ہونے والی تمام ادویات کی پیکنگ پر 2 ڈی بارکوڈنگ لازمی ہوگی، جبکہ مقامی ادویات ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان کو نئے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ ادویات کی پیکنگ پر تاریخِ تیاری، تاریخِ تنسیخ، بیچ نمبر، قیمت اور منفرد سیریل نمبر درج کرنا لازمی ہوگا۔

اِسی طرح ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جمع کرایا جانے والا ڈیٹا ادویات کی اصل پیکنگ پر درج معلومات کے عین مطابق ہونا چاہیے، ڈیجیٹل ریکارڈ یا پیکنگ پر درج معلومات میں غلطی، غلط رپورٹنگ یا ردوبدل کو ضوابط کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ ادویات کی بارکوڈنگ اور سیریلائزیشن کے نظام کی نگرانی کے لیے انسپکٹرز ادویات ساز فیکٹریوں، درآمد کنندگان اور سپلائی چین مراکز کا معائنہ کریں گے، اس دوران ادویات کے مختلف بیچز اور ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں جمع ڈیٹا کی تصدیق بھی کی جائے گی۔

اتھارٹی کا کہنا تھا کہ نئے ضوابط کی خلاف ورزی، غلط ڈیٹا جمع کرانے یا معلومات میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف ڈریپ ایکٹ اور ڈرگز ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈریپ نے مزید وضاحت کی ہے کہ 9 اکتوبر 2026 سے پہلے تیار کی گئی ادویات کا موجودہ سٹاک نئے ضوابط سے مستثنیٰ ہوگا اور اسے ختم ہونے تک فروخت کرنے کی اجازت ہو گی۔