خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا، یکم دسمبر سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت کو سموگ سے پاک بنانے اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کی فٹنس اور دھوئیں کے اخراج سے متعلق اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان کی زیر صدارت اسلام آباد، راولپنڈی گڈز ٹرانسپورٹ یونین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں کا اجلاس ہوا، جس میں گاڑیوں کی فٹنس، سموگ کے خاتمے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے متعلق امور زیر غور آئے۔
ٹریفک پولیس ترجمان نے بتایا اجلاس میں اسلام آباد میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا، جبکہ ٹرانسپورٹ یونین کو 30 نومبر تک اپنی گاڑیوں کو سموگ فری بنانے کی ہدایت کی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں، وفاقی دارالحکومت کو سموگ فری بنانا ترجیح ہے اور انسانی جانوں کا تحفظ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس میں ریت، بجری اور سیمنٹ لے جانے والی گاڑیوں کو ترپال سے ڈھانپنا بھی لازمی قرار دیا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا تھا کہ اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور مقررہ تاریخ کے بعد قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداروں نے سموگ کے خاتمے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔