کوئٹہ کی باچاخان مٹن مارکیٹ کو انتظامیہ نے سیل کر کے اسے جلد گرانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، اس کی جگہ یہاں پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا، قصابوں نے دکانیں سیل کرنے کےخلا ف دھرنا دیا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے فورسز کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ: (دنیا نیوز) میں باچاخان چوک پر 1939ء میں بننے والی گوشت مارکیٹ کو اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی نگرانی میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے عملے نے سیل کر دیا، یہاں پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا، مارکیٹ میں 54 دکانیں اور ایک سلاٹر ہائوس ہے۔ گوشت مارکیٹ کی دکانوں کو سیل کر کے تینوں گیٹ بند کرنے کے خلاف قصابوں نے باچاخان چوک پر دھرنا دیا، جن کا کہنا ہے کہ وہ کسی صورت مارکیٹ کو گرنے نہیں دیں گے۔
دوسری جانب میٹرو پولٹین کارپوریشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کارپوریشن نے سپریم کورٹ سے مقدمہ جیت لیا ہے، اور فصیلہ مارکیٹ کے دکاندار کے خلاف آیا ہے۔ مارکیٹ کو گرانے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
ڈپٹی میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمنٹے کے لئے باچا خان چوک پر ایف سی، پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کی نفری تعینات کر دی ہے۔