وفاقی وزیر داخلہ چوھری نثار کی نادرا کو 18 کروڑ شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کی تصدیق کے لئے لائحہ عمل مرتب کرنے اور غیرملکیوں کے پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹ فوری منسوخ کرنے کی ہدایت۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نادرا ہیڈ کوارٹرز میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ وزیر داخلہ نے نادرا کو 48 گھنٹوں میں 180 ملین شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کی دوبارہ تصدیق کرنے کے لئے لائحہ عمل مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ڈرون حملے کے بعد دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ کوئی بھی پاکستان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ آسانی سے استعمال کر سکتا ہے جو کہ ہمارے قومی مفاد اور سلامتی کے خلاف ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اب دنیا کو یہ پیغام نہیں جانا چاہئے کہ کوئی بھی پیسوں کے عوض آسانی سے پاکستانی شناختی دستاویزات حاصل کر سکتا ہے۔ چودھری نثار علی خان نے غیرملکیوں کے پاسپورٹس اور شناختی کارڈز فوری بلاک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے جائے کہ کوئی بھی غیرملکی پاکستانی شناختی کارڈ استعمال نہ کر سکے۔
انکا کہنا تھا کہ شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے عمل کے دوران عام شہریوں کو تکلیف میں نہ ڈالا جائے بلکہ دوستانہ ماحول میں تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ سکیورٹی ادارے بھی مستقبل میں غیرملکیوں کے شناختی کارڈز کی منسوخی اور تصدیق میں نادرا کی معاونت کریں گے۔