ڈائریکٹر پاسپورٹس کراچی خالد میمن اور وفاقی وزارت داخلہ کا اہلکار چند برس میں کروڑ پتی بن گئے ، چینی باشندوں سے قوانین کے برعکس ویزوں میں توسیع کیلئے فی کس تیس ہزار رشوت لی گئی
کراچی (دنیا نیوز ) کراچی پاسپورٹ آفس میں ویزوں کی میعاد بڑھانے کے عوض کروڑوں روپے بٹورے گئے ، ڈائریکٹر پاسپورٹس اینڈ امیگریشن اور وفاقی وزارت داخلہ کے اہلکار کا فرنٹ مین ایف آئی اے کی تحویل میں فر فر بول پڑا ۔ پاکستان آئے مہمانوں کے ویزوں کی میعاد میں اضافے کا سکینڈل ، ڈائریکٹر پاسپورٹس کراچی خالد میمن اور وفاقی وزارت داخلہ کے اہلکار واجد نے چند سالوں میں کروڑوں روپے بنالیے ۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کا آغاز کیا تو خالد میمن اور وفاقی وزارت داخلہ کے اسسٹنٹ رمضان نے فر فر بولنا شروع کر دیا ۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ چینی باشندوں کو ویزہ کے میعاد کی توسیع خلاف قانون 10 سے تیس ہزار روپے رشوت لے کر کی جا رہی تھی جبکہ قانون کے تحت چینی باشندوں کو ویزہ توسیع کی فیس معاف ہے ۔ ڈائریکٹر پاسپورٹس اور وفاقی وزارت داخلہ کا یہ اہلکار افغان باشندوں کو بھی رشوت کے عوض ویزوں میں توسیع دیتے رہے ۔ ملزموں کے فرنٹ مین نے بتایا کہ رشوت کی یہ رقم ماہانہ 1 کروڑ روپے تک ہوتی تھی اور وزارت داخلہ کے اہلکار کو روزانہ کی بنیاد پر اس کا حصہ بھجوایا جاتا تھا ۔ ایف آئی اے نے دوران تحقیق ایک ہزار سے زائد ایسے پاسپورٹس کا ریکارڈ اکھٹا کر لیا جن میں توسیع کے عوض پیسہ دیا گیا جبکہ وفاقی وزارت داخلہ کے اہلکار واجد کے بینک اکاؤنٹس سے بھی اس کالے دھن کی موجودگی کے شواہد حاصل کر لئے گئے ۔ دوسری جانب ڈائریکٹَر پاسپورٹس خالد میمن گرفتاری کے خوف سے روپوش ہے جس کی تلاش جاری ہے ۔