اراضی سکینڈل: تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس، مرکزی ملزم 3 اپریل کو طلب

Published On 28 Mar 2017 07:09 PM 

ایک لاکھ ترانواے ہزار کینال اراضی سکینڈل، تحقیقاتی کمیشن نے 3 اپریل کو جعلی عدالتی فیصلے بنانے والے چودھری ارشد کو طلب کر لیا جبکہ متاثرین نے تحریری ثبوت کمیشن کے حوالے کر دیئے ہیں۔

لاہور: (دنیا نیوز) جعلی عدالتی فیصلوں کے کیس سے متعلق دنیا نیوز کی کوششیں رنگ لانے لگیں۔ سیشن جج لاہور عابد حسین قریشی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اوپن کورٹ میں کارروائی کی گئی۔ اجلاس میں جنید باری سمیت دیگر متاثرین نے جعلی عدالتی فیصلوں سے متعلق تحریری ثبوت کمیشن کو جمع کروا دیئے۔ جنید باری کا کہنا تھا کہ چودھری ارشد علی نے ایک لاکھ ترانوے ہزار کینال اراضی کے جعلی عدالتی فیصلے بنائے لیکن ابھی تک اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو سکی۔

تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ عابد حسین قریشی نے کہا کہ تحقیقات صاف اور شفاف ہوں گی، متاثرہ شحض آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف چاہئے، جعلی عدالتی فیصلے بنا کر عرصہ دراز سے عدالتوں کے چکر لگوائے جا رہے ہیں۔ کمیشن نے 3 اپریل کو جعلی عدالتی فیصلے تیار کرنے والے چودھری ارشد کو طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔