لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کے اغوا میں مزید انکشافات

Published On 17 Apr 2017 06:49 PM 

نیپال میں اغوا ہونے والے کرنل حبیب کو تین بھارتی شہریوں نے جھانسہ دیکر اغوا کیا۔ کرنل حبیب کیلئے ایئر ٹکٹ خریدنے، ہوٹل بکنگ اور لمبینی ائیر پورٹ پر استقبال کرنے والے بھی یہی تینوں بھارتی ہیں۔

کھٹمنڈو: (دنیا نیوز) نیپال میں اغوا ہونے والے پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کے اغوا میں مزید تہلکہ خیز انکشافات سامنے آ گئے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرنل حبیب کو تین بھارتی شہریوں نے جھانسہ دیکر اغوا کیا۔ کرنل حبیب کیلئے ایئر ٹکٹ خریدنے، ہوٹل بکنگ اور لمبینی ائیر پورٹ پر استقبال کرنے والے بھی یہی تینوں بھارتی ہیں۔ سُفل چودھری نامی بھارتی شہری نے کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کیلئے کھٹمنڈو سے ٹکٹ خریدا جس کا موبائل نمبر 009804815702 ہے جبکہ ڈولی رینچل نامی شخص نے کرنل حبیب ظاہر کا استقبال کیا۔ کرنل حبیب کیلئے پریشئس ٹریول اینڈ ٹورز کھٹمنڈو سے ٹکٹ خریدا گیا، جس کے بعد صبو راجورا نامی خاتون نے حیات ریجنسی ہوٹل میں بکنگ کروائی، صبو کھٹمنڈو کی جلجلے کمپنی میں مارکیٹنگ منیجرکے روپ میں کام کرتی ہے۔

ذرائع کے مطابق معاملے پر پاکستان اور نیپال کے درمیان تعاون جاری ہے اور کیس میں مزید پیش رفت کی امید ہے۔ کرنل حبیب نے لنکڈن اور اقوام متحدہ میں ملازمت کے سلسلے میں اپنی سی وی ارسال کی ہوئی تھیں۔ انہیں برطانیہ سے کسی مسٹر تھامسن کی کال آئی جس نے کرنل حبیب کو 5 اپریل کوعمان پہنچنے کا کہا۔ کرنل حبیب کوعمان ائیر ویز کا بزنس کلاس ٹکٹ بھی بھجوایا گیا۔ کرنل (ر) حبیب جب عمان پہنچے تو وہاں انہیں جاوید انصـاری نامی ایک شخص نے ریسیو کیا اور نیپال کے درالحکومت کھٹمنڈو پہنچنے کا کہا، حبیب ظاہر 6 اپریل کو کھٹمنڈو پہنچے جہاں سے انہیں بھارتی سرحد سے 5 کلومیٹر دور نیپالی علاقے لمبینی لے جایا گیا جہاں سے وہ لاپتہ ہوئے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے۔ تفتیش کاروں نے معلوم کیا ہے کہ برطانیہ سے مسٹر تھامسن نے جس نمبر سے کال کی تھی وہ نمبر اب کام نہیں کر رہا۔ کرنل (ر) حبیب سے جو دوسرا رابطہ نوکری کے سلسلے میں کیا گیا تھا وہ ایک ویب سائٹ کے ذریعے کیا گیا تھا جو کہ بھارت سے آپریٹ ہو رہی ہے۔ کرنل (ر) حبیب 2014ء میں پاک فوج سے اپنی سروس پوری ہونے پر ریٹائر ہوئے تھے۔