لاہور: فورٹریس سٹیڈیم میں توپوں کی گھن گرج، پاک فضائیہ کا شاندار فلائی پاسٹ

Published On 06 Sep 2017 06:18 PM 

یوم دفاع پر دن بھر شہر شہر تقاریب، لاہور فورٹریس سٹیڈیم میں توپوں کی گھن گرج اور پاک فضائیہ کا شاندار فلائی پاسٹ۔

لاہور، پشاور: (دنیا نیوز) یوم دفاع پر فورٹریس سٹیڈیم میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا شاندار عملی مظاہرہ کیا۔ توپوں کی گھن گرج سے فضاء گونج اٹھی۔

گن شپ کوبرا ہیلی کاپٹر سمیت فوجی ہیلی کاپٹرز نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جنہیں دیکھ کر حاضرین دنگ رہ گئے۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی خوب رنگ جمایا۔ پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو دیکھ کر فضاء اللہ اکبر کے نعروں سے گونجتی رہی۔

شہداء کے لواحقین اور دشمن سے لڑائی کے دوران جسمانی اعضاء سے محروم ہونے والے سابق فوجی جوانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ کور کمانڈر لاہور شہداء کے لواحقین سے ملے اور ان کو خوش آمدید کہا۔

روایتی کپڑوں میں ملبوس بچوں نے مختلف ملی نغمے پیش کر کے شرکاء کا لہو خوب گرمایا۔