پشاور میں ڈینگی نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، ہلاکتوں کی تعداد 65 ہوگئی

Published On 31 Oct 2017 12:24 PM 

پشاور کے علاقے اچینی بالا کے 25 سالہ وقاص کو 28 اکتوبر کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کیا گیا تھا۔

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں ڈینگی کے ڈنگ جاری ہیں، موذی مرض ایک اور جان لے گیا۔ صوبہ بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں ڈینگی کی روک تھام کی کوششوں کے باوجود ڈینگی کے وار جاری ہیں، موذی مرض نے ایک اور جان لے لی۔ پشاور کے علاقے اچینی بالا کا نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، 25 سالہ وقاص کو 28 اکتوبر کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل کیا گیا تھا۔ جو گزشتہ روز جانبر نہ رہ سکا۔ صوبہ بھر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق صوبہ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر گئی، گزشتہ روز ڈینگی سے متاثرہ 61 علاقوں میں سپرے کئے گئے۔ ڈی آر یو کے مطابق گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 112 افراد ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔